حکومت سندھ اناڑی پولیس اہلکاروں کو خصوصی تربیت دلائے گی

حکومت سندھ: اناڑی پولیس اہلکاروں کو خصوصی تربیت دلائے گی

کراچی: حکومت سندھ نے اناڑی پولیس اہلکاروں کو تربیت دلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اناڑی پولیس اہلکاروں کو تربیت ایس ایس یو کے میجر (ر) سلیم دیں گے۔

رواں سال کراچی پولیس کی غیر ذمہ دارانہ فائرنگ سےکتنا جانی نقصان ہوا؟

ہم نیوز کے مطابق صوبائی حکومت نے یہ اہم فیصلہ ان شکایات کے بعد کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ اناڑی پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے شہریوں کی ہلاکت کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات پر ڈی آئی جی ٹریننگ نے ہدایات دی ہیں کہ پولیس اہلکاروں کو اسکول آف ٹیکٹیس میں تربیت فراہم کی جائے۔ طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت ہر تین روزہ تربیتی مرحلے میں 100 اہلکار حصہ لیں گے۔ اس طرح 54 روز میں 1800 اہلکاروں کی تربیت مکمل ہوگی۔

ڈی آئی جی ٹریننگ ناصر آفتاب کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 1800 اہلکاروں کو تربیت دی جائے گی۔ ہم نیوز کے استفسار پر انہوں نے بتایا کہ تربیتی مرحلے میں  پولیس ٹرینرز بھی شامل ہوں گے اور فراہم کی جانے والی اسپیشل ٹریننگ کا حصہ ہوں گے۔

ہم نیوز کو ڈی آئی جی ٹریننگ ناصر آفتاب نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو اس بات کی بھی تربیت دی جائے گی کہ دن اور رات میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کس طرح کارروائی کی جاتی ہے؟ پولیس اہلکاروں کو سمجھایا جائے گا کہ اسنیپ چیکنگ اور چھاپوں کے دوران شہریوں سے اچھا برتاؤ کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے بھی تربیت پولیس اہلکاروں کو دی جانے والی ٹریننگ کا حصہ ہوگی۔

خصوصی تربیت کے دوران پولیس اہلکاروں کو طاقت و اسلحے کے درست استعمال کی بابت رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ کراچی کے بعد اندرون سندھ کے پولیس اہلکاروں کو بھی اسی سلسلے میں تربیت دی جائے گی۔

کراچی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے 19 ماہ کا بچہ جاں بحق

ہم نیوز کے مطابق ایس ایس یو کے میجر(ر) سلیم اس سے قبل پولیس کے ایس ایس یو ونگ کو بھی خصوصی تربیت دےچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں