’وزیر اعظم کا رشتہ دار ہو یا کوئی بھی، ایکشن لیا جائے گا‘


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز وکلاء کے لاہور میں دل کے اسپتال پر حملے کے دوران وزیراعظم کے بھانجے کے ملوث ہونے پر کہا ہے کہ وزیر اعظم کا رشتہ دار ہو یا کوئی بھی، ایکشن لیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کور کمیٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کور کمیٹی کو مثبت معیشت کے اشاریوں سے متعلق آگاہی دی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کے اراکین نے معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور معاشی استحکام پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں مقامی حکومتوں سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مہنگائی کی روک تھام اور ذخیرہ اندوزی کو قابو کرنے پر حکومتی اقدامات کو بھی سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں محکمہ موسمیات نے جدید ٹیکنالوجی حاصل کر لی

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بیماری اسپتال میں ٹھیک ہو سکتی ہے گھر کے نرم بستروں میں نہیں لیکن عجیب بات ہے ملزمان طبی بنیادوں پر ضمانت لے کر اپنے اپنے گھروں کو جا رہے ہیں۔ آخر یہ کیسے بیمار ہیں جنہیں اسپتال کے بجائے گھر میں شفا ملتی ہے ؟ البتہ ہم بیماروں کی شفایابی کے لیے دُعا گو ہیں۔

انہوں نے وکلا گردی کے حوالے سے کہا کہ کالے اور سفید کوٹ کا ٹکراؤ معاشرے میں حوصلہ افزا امید نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کریں گے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔


متعلقہ خبریں