نیوزی لینڈ میں آتش فشاں پھٹنے سے جاں بحق افراد کی لاشیں نکالنے کیلئے منصوبہ بندی شروع


نیوزی لینڈ پولیس نے کہا ہے کہ پیر کے روز ایک جزیرے وائٹ آئی لینڈ میں پھٹنے والے آتش فشاں سے کم از کم آٹھ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ جزیرے سے لاشیں نکالنے کا عمل جمعہ کو شروع کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق جزیرے پر ایک اور آتش فشاں پھٹنے کے خطرے کے باوجود ریسکیو مشن آگے بڑھایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق پہلے ہی ہو چکی تھی جبکہ 20 افراد تشویشناک حالت میں زیرعلاج ہیں۔

جمعرات کو نیوزی لینڈ کے جیولوجیکل معلومات سے متعلق سائٹ جیونٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ایک اور آتش فشاں پھٹنے کے 50 سے 60 فیصد امکانات موجود ہیں۔

سائٹ کے اعدادوشمار کے مطابق پچھلے چند دنوں سے ایک اور آتش فشاں پھٹنے کے خطرے میں مستقل اضافہ دیکھا گیا ہے۔

پولیس کا لائحہ عمل کیا

پولیس نے بتایا ہے کہ متاثرہ افراد کے اہل خانہ لاشوں کی بازیابی کے لیے بےتاب ہیں لہذا جلد از جلد آپریشن شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل جمعرات کو ایک نیوز کانفرنس میں ڈپٹی پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ پولیس اس خطرناک آپریشن کو انجام دینے کے لیے متعدد طریقوں پر غور کر رہی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ خدشات بھی موجود ہیں کہ جزیرے کی ہوا میں سانس لینا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

حکام کی جانب سے جزیرے پر بھیجے گئے ڈرون کی مدد سے زہریلی گیس کی موجودگی کا پتا لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں