بابر یعقوب کو کسی صورت چیف الیکشن کمشنر نہیں بننے دینا چاہیے، اے این پی

بابر یعقوب کو کسی صورت چیف الیکشن کمشنر نہیں بننے دینا چاہیے، اے این پی

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے واضح طور پر مؤقف اپنایا ہے کہ بابر یعقوب فتح محمد کو کسی بھی صورت میں چیف الیکشن کمشنر نہیں بننے دینا چاہیے۔ اے این پی نے خبردار کیا ہے کہ اگر بابر یعقوب کو نامزد کیا گیا تو اس سے ملکی آئین اور وفاق کو بہت نقصان پہنچے گا۔

چیف الیکشن کمشنر: عمران خان کے تجویز کردہ نام پر ن لیگ نیم رضامند ہوگئی؟

ہم نیوز کے مطابق یہ انتباہ اے این پی کے ترجمان زائد خان نے جاری کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سلیکٹڈ وزیراعظم اپنا نامزد کردہ چیف الیکشن کمشنر لانے پہ بضد رہے تو اس کے معنی یہ ہوں گے کہ ملک میں پھر کوئی عہدہ بھی غیر جانبدار نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بابر یعقوب فتح محمد 2018 کے الیکشن میں سیکریٹری الیکشن کمیشن تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس وقت کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی ذمہ داری بابر یعقوب پہ عائد ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری اسٹیبلشمنٹ کی بہت بدنامی ہوئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق اے این پی کے ترجمان زائد خان نے دعویٰ کیا کہ جن لوگوں نے بابر یعقوب کو نامزد کیا ہے ان کو بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے متنبہہ کیا کہ ان کی نامزدگی سے بہت نقصان ہوگا جس کی ذمہ داری سلیکٹڈ وزیراعظم کے ساتھ ان پر عائد ہوگی جو پشت پناہی کررہے ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ اپوزیشن جماعتیں چیف الیکشن کمشنر کے مسئلے پر متحد و یکجا ہو کر حکمت عملی اپنائیں۔

چیف الیکشن کمشنر، ممبران کی تقرریوں پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈلاک برقرار

ہم نیوز کے مطابق ترجمان نے کہا کہ آج اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان بکا خیل کیمپ گئے تھے جہاں وہ اپنے بہن بھائیوں سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہاں جانا گناہ ہے تو ہم یہ گناہ کرتے رہیں گے۔


متعلقہ خبریں