پی آئی سی ایمرجنسی شام تک بحال کردی جائے گی، انتظامیہ


لاہور: پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی آج شام بحال کر دی جائے گی۔

پی آئی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ثاقب شفیع کا کہنا ہے کہ آج 8 بجے تک ایمرجنسی کو بحال کر دیا جائے گا۔

ڈاکٹر ثاقب شفیع کا کہنا تھا کہ آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (اوپی ڈی) میں آج بھی ادویات فراہم کی جا رہی ہیں کل سے اسے بھی مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔

پی آئی سی کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر امیر احمد نے کہا کہ ایمرجنسی اور سی سی یو وارڈ میں کام مکمل کر لیا گیا ہے جب کہ توڑ پھوڑ کی مرمت اور صفائی ستھرائی بھی کر دی گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی سی کو کل تک مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔

ڈاکٹر امیر احمد نے کہا کہ اسپتال کے عملے بشمول سینیئر و ینگ  ڈاکٹرز اور پیرا میڈک اسٹاف کو اعتماد میں لے رہے ہیں ، ہفتے سے پی آئی سی میں کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔

سی ای او ثاقب شفیع نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ایمرجنسی بحال ہونے سے قبل اسپتال حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں جیل روڈ پر شمعیں روشن کی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں