گیارہویں سونی ورلڈ فوٹو گرافی کے فاتحین


لندن: سونی ورلڈ فوٹوگرافی ایوارڈز 2018 کے اوپن مقابلے کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

تصویری مقابلے میں مختلف موضوعات پر تین لاکھ سے زائد تصویریں جمع کروائی گئیں۔ دو سو سے زائد ممالک سے فوٹوگرافی کے شوقین افراد نے سرگرمی میں حصہ لیا۔

گیارہویں سونی ورلڈ فوٹوگرافی ایوارڈز میں دس مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈ دئیے گئے۔ ہر ملک سے بھیجی جانے والی ایک بہترین تصویر کو نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

فن تعمیر (Architecture):’دی مین اینڈ دا میسٹیریئس ٹاور‘ (آدمی اور پُراسرار مینار) 1936 میں تعمیر کردہ مینار کی تصویرجرمنی کے اینڈریئس پوہل نے لی۔

شبیہ (Portraiture):برطانیہ کے نِک ڈولڈنگ کی تصویر ’ایمیلی‘ (ایک نام ایمیلی) لندن میں لی گئی۔ اسے بہترین برطانوی تصویر کے طور پر نیشنل ایوارڈ بھی ملا۔

اضافی نکھار (Enhanced):جرمنی کے کلوز لینزن کی تصویر ’ایوری بریتھ یو ٹیک‘ (تمہاری ہر سانس) 2017 میں تیراکوں کی 35 تصاویر کو ملا کر بنائی گئی۔

ساکن (Still Life):رچرڈ فرشمین کی ’سنڈے بوفے‘ (اتوار کا کھانا) کو امریکا سے موصول ہونے والی بہترین تصویر کا نیشنل ایوارڈ دیا گیا۔

حرکت (Motion):انڈونیشیا کے فجار کرسٹیانٹو کی تصویر ’دی ہائی ایسٹ پلیٹ فارم‘ (سب سے بڑا پلیٹ فارم) جکارتہ کے سوئمنگ پول سٹیڈیم میں لی گئی ہے۔

ثقافت (Culture):یونان کے پانوس سکورداس  نے اپنے بیٹے کی تصویر کو ’مینوطور‘ (تصوراتی جانور مینوطور) کا نام دیا۔

جنگلی حیات (Wildlife):کیلفورنیا کے نیشنل پارک میں ہرنوں کے ایک غول کی تصویر پولینڈ کے جسٹونا نے لی۔ ’این ان ایکسیپٹیڈ میٹنگ‘ (ایک غیر متوقع ملاقات) نامی تصویر کو پولینڈ کا نیشنل ایوارڈ بھی ملا۔

گلی کوچے (Street):مینوئل آرمینس کی جرمن نیشنل ایوارڈ یافتہ تصویر ’اولڈ فرینڈز‘ (پرانے دوست) ایک بوڑھی خاتون اور کتے کی کہانی بیان کرتی نظر آئی۔

منظر اورماحول (Landscape & Nature):بلغاریہ سے ویزلین اٹاناسو کی تصویر ’ارلی آٹم‘ (ابتدائی خزاں) نے بلغاریہ کا نیشنل ایوارڈ اپنے نام کیا۔

سفر (Travel):میک کل بیٹر کی ’شیپ آف لوفٹن‘ (پہاڑی کی شکل) برفانی چوٹی کے قریب موجود ایک گھر کی تصویر ہے۔ یہ تصویرڈنمارک نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

پاکستان سے امیر حمزہ خواجہ کی جانب سے موصول ہونے والی تصویر کو پاکستان نیشنل ایوارڈ دیا گیا۔سونی ورلڈ فوٹوگرافی ایوارڈز کی تمام تصاویر ورلڈ فوٹو کی ویب سائٹ سے لی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں