حسان نیازی کی گرفتاری پرعمران خان نے کوئی پابندی نہیں لگائی، وزیر خارجہ

’ وزیراعظم نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے‘



ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرسٹر حسان نیازی کی گرفتاری پر وزیراعظم عمران خان نے کوئی پابندی نہیں لگائی، ان کے متعلق انتظامیہ جو بہتر سمجھے وہ فیصلہ کرے۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے استفسار کیا کہ حسان نیازی کی گرفتاری  میں کسی نے رکاوٹ ڈالی ہے؟ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور واقعے پر شہری کرب میں مبتلا ہیں، اس قسم کی رسہ کشی سےعام طبقہ متاثر ہوتا ہے، ایسی قانون شکن کی حوصلہ افزائی نہیں ہونی چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کی پیش گوئی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کی پیشگوئیاں درست ثابت نہیں ہوئیں، ان کا اپنا انداز بیان اور سوچ ہے۔

’افغانستان میں امن و استحکام کا واحد راستہ مذاکرات ہیں‘

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان مسئلےکا فوجی حل ممکن نہیں ہے، افغانستان میں امن و استحکام کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے کیونکہ افغان سرزمین پر امن پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے فائدہ مند ہے، پاکستان نے افغانستان کے معاملے پر ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اس  لیے دنیا افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان انتخاب میں مداخلت نہیں کی بلکہ سہولیات فراہم کی ہیں، افغانستان میں حالیہ صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان جلد ہو جائےگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے میں ملوث حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔

ڈی آئی جی انویسٹیگیشن کے مطابق حسان نیازی گھر پر نہ ہونے کے باعث گرفتار نہ ہوسکے تاہم انہیں قانون کی گرفت میں لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

حسان نیازی کی اسپتال پر پتھراو کی فوٹیج میڈیا پر نشر ہوئی تھیں تاہم پولیس کی جانب سے درج مقدمات میں حسان خان نیازی کو نامزد نہیں کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں