کوئی سلیکٹڈ یا کٹھ پتلی قبول نہیں، بلاول

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہیں، پیپلز پارٹی کو کوئی سلیکٹڈ، کٹھ پتلی یا امپائر کی انگلی قبول نہیں ہے۔

کراچی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف اور صرف عوام کی مرضی چلے گی امپائر کی انگلی نہیں۔ جب تک عوامی حکومت قائم نہیں ہوگی، ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ پیپلز پارٹی صرف عوامی وزیراعظم چاہتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے ہماری معیشت کو تباہ کردیا ہے،عوام پریشان ہیں، کسان اور مزدور پریشان ہیں، کیونکہ نالائق حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے کا بجٹ پیش کیا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ پچھلے ایک سال میں  اس نالائق اور نااہل حکومت نے کس طریقے سےعوام کے حقوق پر حملے  کیے ہیں؟ حکومت کی نااہلی سے مہنگائی اور بے روزگاری میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرپٹ لوگ یوٹرن لیتے اور بھاگ جاتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

بلاول کا کہنا تھا کہ پچھلے کئی دہائیوں سے ملک میں غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں اور سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہمیشہ کی طرح پیپلزپارٹی کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے نیب گردی کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ضیاالحق اور پرویز مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا ہے، آج اس سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔ ساتھ مل کر اس نالائق حکومت کو گھر بھیجیں گے۔

بلال بھٹو زرداری نے کہا  27 دسمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں اپنی عوامی پالیسی کا اعلان کریں گے۔  پنجاب میں عوامی پالیسی لے کر جائیں گے. 27 دسمبر سے پہلےخوژخبری ملی ہے

بلاول بھٹو نے کہا کہ جلد از جلد صدر زرداری کا علاج کروائیں گے۔


متعلقہ خبریں