خیبر پاس اکنامک کاریڈور پروجیکٹ: عالمی بینک 406.6 ملین ڈالر قرضہ دے گا


اسلام آباد: حکومت پاکستان نے خیبر پاس اکنامک کاریڈور(KPEC) پروجیکٹ کے لیے عالمی بینک( World Bank) کے ساتھ 406.6 ملین ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کی نگرانی میں معاہدے پر سیکرٹری پرویز عباس اور کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک پیچھاموٹو النگووان نے دستخط کیے۔

اس منصوبے کا مقصد پشاور سے طورخم تک 48 کلومیٹر لمبی 4 لین ، دوہری کیریج وے (carriageway) ہائی اسپیڈ موٹر وے کی تعمیر کرنا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل پر صوبہ خیبر پختونخوا میں ایکسپریس وے سے ملحقہ علاقوں کی معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔

اس پراجیکٹ کے دو جز ہیں۔ پہلے مرحلے میں سڑک تعمیر کی جائے گی جبکہ  دوسرے مرحلے میں موٹروے کے ساتھ ملحقہ علاقوں میں اسپیشل اکنامک زون بنائے جائیں گے۔

اس پروجیکٹ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور پرائیویٹ فنانس کو استعمال کرکے راہداری کے ساتھ ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کے مواقع بڑھائے جائیں گے جو عوام کوروزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔

اس موقع پر حماد اظہر نے کہا کہ جنوبی اور وسطی ایشیاء کے عالمی یکجہتی کا تعلق خیبر پختونخوا کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ سیکڑوں سالوں سے تجارت میں اس کی کلیدی حیثیت ہے۔ شمال جنوب اقتصادی راہداری تاریخ میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کی بحالی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ کے پیک (KPEC) اسی نوعیت کا ایک پروجیکٹ ہے۔ میں پاکستانی حکومت کو اس معاہدے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک پیچھاموٹو النگووان نے اس موقع پر کہا کہ  اس منصوبے کے تحت افغانستان اور وسطی ایشیا کے ساتھ رابطے کے مواقع بڑھیں گے۔ پروجیکٹ کے تحت لاکھوں لوگوں کو روزگار میسر ہوگا۔ خیبر پختونخوا کی اقتصادی صورتحال خاص پر بہتر ہوگی۔

اعلامیہ کے مطابق پشاور طورخم راہداری خیبر پاس سے گزرنے والی علاقائی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے ٹرانزٹ ٹائم اور اخراجات کو کم کرے گا۔

یہ پروجیکٹ کراچی،  لاہور، اسلام آباد، پشاور ٹرانس پاکستان ایکسپریس وے سسٹم میں توسیع کرے گا۔ یہ منصوبہ تکمیل کے بعد پشاور-کابل-دوشنبہ موٹر وے کا لازمی جزو بنے گا۔


متعلقہ خبریں