اسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے تحفظ کے لیے قانون لانے کا فیصلہ

فائل فوٹو


سیالکوٹ: وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے تحفظ کے لیے قانون لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلا کے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ کالے کوٹ والوں نے اپنے بازو سے قانون کو چیلنج کیا اور اب حکومت قانون کے مطابق ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے گی۔

سیاسی حریفوں پر تنقید کرتے ہوئے فردوس اعوان نے کہاکہ جنہیں عوام نے مسترد کر دیا وہ حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں۔ اقتدار کے شکاریوں کو جمہوریت اس وقت چاہیے جب یہ حکومت میں ہوں۔

اقتدار کیلئے یہ لوگ ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی بغیر پانی کے تڑپتی ہے، سیاسی یتیموں کا ٹولہ سیاسی محاذ پر زندہ رہنے کیلئے چٹکلے چھوڑتا رہتا ہے۔

انہوں نے کہا  اپوزیشن کو وزیراعظم سے بغض یہ ہے کہ وہ ان کی عیاشیوں کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگی خاتون ترجمان منفی دعووں کو ثابت کرنے پر تلی ہوئی ہیں اور لاعلمی کی بنیاد پر مسلم لیگی ترجمان کی طرف سے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے اور وہ اگلے دن اپنے دعوؤں کے نیچے دب جاتی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سوچ ہمیشہ منفی رہی اور ان کا منفی ایجنڈا بھی ناکام ہوچکا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سیاسی امامت کرنے والے ٹولے کی کارستانیاں عوام کے سامنے ہیں، ماضی میں ملکی معیشت تباہ کردی گئی تھی، سیاسی قیدی کے خلاف نیب میں انکوائریاں چل رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں