ترقی کے راستے میں رکاوٹ بننے والے انسان کے ڈر کونسے ہیں؟


ہر انسان چاہتا ہے کہ وہ زندگی میں آگے بڑھے اور ترقی کی بلندیوں کو چھوئے لیکن کیا ہم اس کے لیے اتنی محنت بھی کرتے ہیں؟ زندگی میں آگے بڑھنے میں انسان کے اندر موجود ان گنت خوف  راستے کا کانٹا بن سکتے ہیں۔ اس بات کا تمام تر انحصار انسان کے اپنے اوپر ہے کہ وہ انہیں کامیابی کے راستے میں رکاوٹ بننے دیتا ہے یا ان کا مقابلہ کر کے آگے سے اگے بڑھتا چلا جاتا ہے۔

انسان اپنی زندگی میں سب سے زیادہ جن باتوں سے ڈرتا ہے اور جن پر قابو پانے میں ہی کامیابی کا راز پوشیدہ ہے، وہ یہ ہیں۔

1- ناکامی کا ڈر

انسان جونہی زندگی میں کوئی بڑا عمل کرنے کا ارادہ کرتا ہے اس کے ذہن میں سب سے پہلے یہ خیال آتا ہے کہ “اگر میں یہ نہ کر سکا تو؟” ناکام ہو جانے کا یہ ڈر ہی اس کی تمام توانائی نچوڑ لیتا ہے اور ناکامی مقدر بن جاتی ہے۔ اس منفی سوچ سے بہت پرے رہنا چاہیے۔

2- “لوگ کیا کہیں گے؟”

ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں وہاں ایک ایسا کلچر پروان چڑھ چکا ہے کہ جس میں انسان کی زندگی پر اس سے زیادہ حق اردگرد کے لوگوں اور رشتہ داروں کا بن جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسان اکثر اپنی زندگی کے اہم فیصلے لوگوں کی سوچ اور مرضی کو مد نظر رکھتے ہوئے کرتا ہے۔ لوگوں کا ڈر انسان کو پوری طرح اپنے دل اور دماغ کی بات سننے نہیں دیتا جو کہ اس کی ناکامی کا سبب بن جاتی ہے۔

3- تنہائی کا ڈر

لوگوں کا ساتھ نہ ملنا اور اکیلے رہ جانے کا ڈر انسان کو اندر سے کمزور بنا دیتا ہے۔ جب انسان کوئی کام کرنے کے لیے پہلا قدم اٹھاتا ہے لیکن لوگوں کی اکثریت اس کام کے حق میں نہیں ہوتی تو انسان تنہا رہ جانے کے خوف سے اپنا ارادہ ہی ترک کر دیتا ہے۔

4- غیر یقینی پن

جب انسان کسی کام کا ارادہ کرتا ہے لیکن اس بات سے لاعلم ہوتا ہے کہ اس کا نتیجہ کیا ہو گا تو وہ ڈر جاتا ہے۔ اس کے دل میں منفی خیالات آنے لگتے ہیں، وہ سوچنے گلتا ہے کہ اگر اس کا نتیجہ حسب منشا نہیں نکلا تو کیا ہو گا؟ یہی خدشات اسے آگے بڑھ کر اس کام سے روک دیتے ہیں۔

5- احساس کمتری

انسان کے اندد موجود احساس کمتری اسے کبھی آگے نہیں بڑھنے دیتا۔ خود کو دوسروں سے کم تر سمجھنا یا کسی قابل نہ سمجھنے کا احساس زندگی میں صرف پیچھے کی طرف دھکیلتا ہے۔ جب تک انسان خود پر اور اپنی قابلیت پر یقین نہیں کرتا اس وقت تک وہ کبھی آگے نہیں بڑھتا۔

6- کارکردگی نہ دکھانے کا ڈر

کسی کام کی شروعات میں انسان کو اس بات کا ڈر ہوتا ہے کہ وہ اسے اچھے انداز میں انجام نہیں دے سکے گا۔ اس وجہ سے اکثر مایوس ہو کر انسان اسے ترک کر دینے کا ارادہ کر لیتا ہے، یہ بڑی غلطی ہوتی ہے کیونکہ خود پر یقین اور محنت ہی انسان کو ترقی کی طرف لے کر جاتی ہیں۔


متعلقہ خبریں