امریکہ میسنجر، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کے انضمام میں رکاوٹ بن سکتا ہے


میسنجر، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کو اکٹھا کرنا مارک زکربرگ کا ایک نامکمل خواب ہے جس کے رستے میں امریکی حکومت کے رکاوٹ بننے کا امکان ہے۔

مشہور جریدے وال اسٹریٹ جنرل کی ایک رپورٹ کے مطابق اجارہ داری کے قانون کی خلاف ورزی پر امریکی محکمہ فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) ان تینوں سروسز کے انضمام میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔

اس وقت تک تینوں سروسز اپنے الگ الگ ڈیٹا سرورز پر چل رہی ہیں تاہم اگر ان کا انضمام کر دیا گیا تو فیس بک باقی دونوں سروسز کا ڈیٹا تشہیری مقاصد کے لیے استعمال کر سکے گا اور اسے دیگر کمپنیوں کو بھی فروخت کر سکے گا۔

اگرچہ ایف ٹی سی کو اس عمل کو روکنے کا اختیار حاصل ہے مگر اس کے لیے پانچ ارکان کی اکثریت درکار ہے اور ساتھ ہی وفاقی عدالت میں بھی مقدمہ درج کرانا ضروری ہے۔

دوسری جانب فیس بک کے نمائندوں نے ایف ٹی سی کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اخبار کے مطابق ایف ٹی سی کے اگلے مہینے قانونی کارروائی شروع کرنے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی محکمہ اس پالیسی کے کئی نکات پر عمل درآمد روکنے کا حکم جاری کرسکتا ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں