عوام عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں لائیں گے، فردوس عاشق اعوان


حافظ آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں لائیں گے۔

حافظ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اپنے درد کو عوام کا درد بناکر پیش کررہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ اصل کٹھ پتلی ہیں، ان کی ڈوریاں یہ (بلاول) خود ہلاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضدی بچہ ہر جلسے میں امپائر کی انگلی کا ذکر کرتا ہے، امپائر پاکستان کےعوام ہیں جس نے پیپلزپارٹی کو شکست دی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو چار سال تک دکھی رہنا ہوگا، کرپشن کی وجہ سے پیپلز پارٹی آج دفن ہوگئی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پی پی پی نے کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاندان بیماری کے نام پر ضمانت لے کر باہر گیا، ایک بیمار اور دوسرا سہولت کار بن کر بیرون ملک گیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف ایڑیاں رگڑ رگڑ کر قائد حزب اختلاف بنے تھے، ہیٹ پہن کر کہتے تھے کہ کرپشن ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑدوں گا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نےدھیلےنہیں اربوں کی کرپشن کی، وہ سچے ہیں تو وطن واپس آئیں، پاکستان کا قانون آوازیں دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے غریب آدمی کی مشکلات کا احساس ہے تاہم ہم نے اس کے ذمہ داروں کا بھی تعین کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق دور میں من پسند افراد کو نوازا گیا، سابق حکومت نے معیشت کو وینٹی لیٹر پر ڈالا تاہم وزیراعظم نے اس کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مشکلات کے دن ختم ہونے والے ہیں، وزیراعظم عوام کو مہنگائی سے نجات دلوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار سے دور ہونے والے پریشان ہیں، ان کو عوام پریشان اس وقت نظر آتے ہیں جب اقتدار سےدور ہوں۔


متعلقہ خبریں