ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی ضمانت ہے، اسد قیصر

ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی ضمانت ہے، اسد قیصر

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ حالیہ کرکٹ سیریز پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے نیک شگون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحاللی پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی ضمانت ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وہ سری لنکن ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں دیے گے استقبالیہ کے موقع پربحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر پوری پاکستانی قوم اور حکومت، سری لنکن حکومت اور کرکٹ بورڈ کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی دنیا میں پر امن پاکستان کی عکاس ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر ہم سری لنکن حکومت اور کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ اور انتظامیہ نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے پل کا کردار ادا کیا ہے۔

اسد قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان بدترین دہشت گردی کا شکار رہا ہے جس سے ملک کا  امن و استحکام بری طرح متاثر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی انسداد دہشت گردی کی جامع حکمت عملی ،مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں سے  اس ناسور  کا خاتمہ  ممکن ہوا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی پہ میں پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین حالیہ کرکٹ سیریز سے دنیا میں پاکستان کا پرامن اور مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے توقع ظاہر کی کہ دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی جس سے ملک میں کرکٹ کے ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں