صوبائی وزیر اطلاعات پر تشدد کرنے والے وکیل کی شناخت ہو گئی


لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان پر تشدد کرنے والے وکیل کی شناخت کر لی گئی۔

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے کے دوران وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہاب پر تشدد کرنے والے وکیل کی شناخت محمد عبدالماجد کے نام سے کر لی گئی۔

پولیس کے مطابق تشدد کرنے والے وکلا میں سے جس ایک وکیل محمد عبدالماجد کی شناخت کی گئی وہ ہربنس پورہ کا رہائشی ہے تاہم وہ اپنے گھر کو تالا لگا کر غائب ہے جس کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پی آئی سی میں وکلا کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے واقعے کے بعد معاملے کے حل کے لیے جب وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان جائے وقوعہ پر پہنچے تو مشتعل وکلا نے انہیں گھیرے میں لے کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بال کھینچے تھے۔

اس سے قبل پی آئی سی پر حملے میں ملوث اہم 15 وکلا رہنماؤں کی گرفتاری کا ٹاسک کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کو سونپ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پی آئی سی  لاہور پر حملہ: کراچی کے بعض وکلاء نے انسانیت سوز واقعہ کی حمایت کردی

پولیس ذرائع کا کہنا ہے 15 وکلا کی گرفتاری کے لیے سی آئی اے نے گلبرگ گرومانگٹ روڈ مال روڈ سمیت دیگر جگہوں پر چھاپے مارے ہیں۔ پندرہ روپوش وکلا رہنماؤں میں سحر رضوی، عبدالرحمان بٹ، شیخ آصف، اقبال دانیال اعجاز، ملک غلام عباس، راصب رانا، اسامہ معیز، مبین، حسان نیازی، مزمل اور عبدالماجد وغیرہ شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں