وزیر اعظم عمران خان کو بحرین نے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا

وزیر اعظم عمران خان کو بحرین نے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان بحرین کے دورے پر پہنچے جہاں ولی عہد سلمان بن حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔ وزیر اعظم نے بحرین کے قومی دن کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

بحرین پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان نے امیر حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد سلمان بن حمد سے ملاقات کی، اس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد سلمان بن حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے الغدیبیہ محل میں ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان کو الغدیبیہ محل پہنچنے پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

شاہ بحرین نے وزیراعظم عمران خان کو بحرین کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ شاہ حمد آرڈر آف رئیسانی عطا کیا۔  وزیر اعظم عالمی مہاجرین فورم میں شرکت کے لیے کل جنیوا جائیں گے۔

دورہ بحرین کے دوران اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھا جس میں کابینہ اراکین کے علاوہ اعلیٰ حکومتی حکام بھی شامل تھے۔

وزیر اعظم کے حلف اٹھانے کے بعد یہ ان کا بحرین کا پہلا دورہ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات کے پہلوؤں کے علاوہ عالمی اور علاقائی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

اقوام متحدہ ، او آئی سی اور جی سی سی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور بحرین کا قریبی رابطہ ہے۔ بحرین کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے ایک لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ بحرین سے دونوں ممالک میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ ملے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی تھی اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں ’عوام سے طاقت چھین کر سلیکٹر اور سلیکٹڈ کے پاس جارہی ہے‘

مئی 2019 کے بعد وزیر اعظم کا یہ چوتھا دورہ سعودی عرب تھا اور مسلسل روابط اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے جی 20 کی صدارت ملنے پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد بھی دی۔


متعلقہ خبریں