واٹس ایپ بہت جلد’سیاہ‘ ہوجائے گا


انٹرنیٹ کے ذریعے پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے نئی خصوصیات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی صارفین کے لیے ڈارک موڈ، نئے ایموجیز، نئے وال پیپرز اور خود کار طریقے سے پیغامات ڈیلیٹ کرنے کے آپشن متعارف کرانے جا رہی ہے۔

موبائل ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں بھی جلد ڈارک موڈ فیچر متعارف کرایا جائے گا جو آزمائش کے ابتدائی مراحل میں ہے۔

ڈارک موڈ ابتدائی طور پر انڈورائڈ اور آئی او ایس موبائل فونز کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔ ڈارک موڈ کے استعمال سے بیٹری کم خرچ ہوگی اور اس کو چیٹ سیٹنگ میں جا کر ایکٹیو کیا جاسکے گا۔

نئے ایموجیز : واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے چھ نئے ایموجیز بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے ایموجیز میں معذور مرد اور خواتین کو خودکار اور سادہ وہیل چیئر پر دکھایا گیا ہے۔

وال پیپر سیٹنگ: اس وقت صارفین کو چیٹ سیٹنگ میں جا رکر وال پیپر سیٹنگ سے بیک گراؤنڈ تصویر تبدیل کرنی پڑتی ہے تاہم ڈارک موڈ میں ایسا نہیں ہوگا۔ نئے فیچر کے تحت ڈسپلے کا آپشن متعارف کرایا جائے گا جس سے بیک گراؤنڈ تصویر تبدیل کی جا سکے گی۔

خود کار طریقے سے پیغام ڈیلیٹ کرنا: اس فیچر کو بیٹا ورژن میں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے جس کے استعمال سے ایک مخصوص وقت میں کسی بھی پیغام کو ڈیلیٹ کیا جا سکے گا۔

اس آپشن کے استعمال سے صارف کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی پیغام کو ڈیلیٹ کرنے کے لیے ایک ٹائم سیٹ کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ صارفین کو یہ سہولت بھی میسر ہوگی کہ وہ ایک گھنٹہ، ایک دن، ایک ہفتہ، ایک مہینہ اور ایک سال میں سے کسی ایک انتخاب کر سکیں۔

اگر صارفین ایک گھنٹے کا انتخاب کرتے ہیں تو پیغام بھیجنے کے ایک گھنٹے بعد وصول کنندہ کے پاس سے پیغام خودبخود ڈیلیٹ ہوجائے گا۔


متعلقہ خبریں