پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن سے جواب طلب


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی الیکشن کمیشن کے دس اکتوبر کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔

ہم نیوز کے مطابق عدالت عالیہ کے ایک رکنی بنچ جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی جس کے دوران سابق پی ٹی آئی رکن اکبر ایس بابر کی حد تک عدالت نے نوٹس واپس لے لیا۔

پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور نے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت کی جانب سے صرف الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا گیا۔

وکیل شاہ خاور نے کہا کہ ہماری چار درخواستوں کو الیکشن کمیشن کے جانب سے درست طریقے سے نہیں سنا گیا، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ثقلین حیدر کے پی ٹی آئی کی طرف سے پیش ہونے سے روکنے کو چیلنج کررکھا ہے۔

پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کے دس اکتوبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

مزید پڑھیں: غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے، کنور دلشاد

پی ٹی آئی کی اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی لیک کرنے سے روکنے کی درخواست مسترد ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن نے 2018 میں اسکروٹنی کمیٹی بنائی تھی۔

کیس کی مزید سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی گئی۔


متعلقہ خبریں