بھارت کے متنازع قوانین: پاکستان کا دنیا بھر میں وفود بھیجنے کا فیصلہ

ہمیں کیوں بیرونی دورے نہیں کراتے؟ اپوزیشن اور حکومتی اتحادی نالاں

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے متنازع قوانین کے خلاف دنیا بھر میں وفود بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فیصلے کا اعلان وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

متنازع قانون نے بھارت میں آئینی بحران کو جنم دیا ہے، شاہ محمودقریشی

ہم نیوز کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایوان زیریں کو آگاہ کیا کہ دنیا بھر میں جو وفود بھیجے جائیں گے ان میں سینیٹرز کو شامل کرنے کے لیے چیئرمین سینیٹ سے بات کی ہے کہ وہ نام دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود میں سابق سفارتکاروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر جو کردار ادا نہیں کرسکے اس کا ہمیں اب فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے حمایت کی کہ وفود بنا کر دنیا بھر میں بھیجیں اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کریں۔ اسپیکر نے یقین دہانی کرائی کہ اگرحکومت بھارت کے متنازعہ قوانین کے خلاف قرار داد لانا چاہتی ہے تو مکمل حمایت کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں قراردادیں پیش کی گئیں جن میں کہا گیا کہ یہ ایوان بھارتی سٹیزن ایکٹ کی مذمت کرتا ہے۔ قراردادوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یہ قانون بھارت کے انتہا پسندانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے اور خالصتاً مذہبی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔

شہریت کا متنازع بل: بھارت پر امریکہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک کی تنقید

قومی اسمبلی میں پیش کردہ قراردادوں میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق غضب کیے جارہے ہیں اور مسلمانوں کے حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت سٹیزن ایکٹ سے متنازع شقیں واپس لے، اقلیتوں کے حقوق غضب کرنے سے باز رہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔

ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں پیش کردہ قراردادوں میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھرنے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت میں اقلیتوں سے متعلق منظور کردہ ترمیمی بل کے خلاف قراردادوں کی مکمل حمایت کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایوان کا مقصد صرف قرار دادوں کی منظوری نہیں ہے بلکہ ان پر عمل درآمد بھی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جو قرار دادیں پہلے پاس ہوئیں ان کا کیا بنا؟

بھارت: 6 ریاستیں متنازعہ بل کی مخالف، امریکی شہریوں کیلئے سفری انتباہ جاری

قومی اسمبلی میں پیش کردہ قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔


متعلقہ خبریں