ویرات کوہلی سب سے بہترین ’کوور ڈرائیو‘ کھیلتے ہیں، بابراعظم

’دنیا رک سی جاتی ہے جب بابر ڈرائیو مارتے ہیں’

کراچی: قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کرکٹ کی دنیا میں بہترین ’کوور ڈرائیو‘ کھیلنے کے حوالے سے سوشل میڈیا اور کرکٹ کے حلقوں میں چھڑی ہوئی بحث کو ختم کر دیا ہے۔

ایک انٹرویو میں اس حوالے سے انہوں کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم  کے کپتان ویرات کوہلی سب سے بہترین کوور ڈرائیو کھیلتے ہیں۔

بابراعظم نے ویرات کوہلی اور کین ولیمسن جیسے بڑے بلے بازوں سے موازانہ کئے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں بہت زبردست بلے باز ہیں جب لوگ میرا موازانہ ان جیسے کھلاڑیوں سے کرتے ہیں تو مجھے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے، مجھے اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری کامیابی کا راز سخت محنت ہے۔

واضح رہے پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 19 دسمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں بارش کے باعث تین دن کا کھیل نہ ہو سکا جس کی وجہ سے میچ ڈرا ہو گیا۔ اس میچ میں بابراعظم اور عابد علی نے ناقابل شکست سینچریاں اسکور کی تھیں۔

 

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز