جمہوریت بہترین انتقام ہے، مشرف کیخلاف فیصلے پر بلاول کا رد عمل

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: سابق صدر اور جنرل پرویزمشرف ریٹائرڈ کے خلاف سنگین غداری کیس کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔

بلاول نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، جئے بھٹو۔

وفاقی وزیربرائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا کہ وقت کے تقاضے ہوتے ہیں ملک کو جوڑنے کی ضرورت ہے، ایسے فیصلے جس سے فاصلے بڑھیں، تقسیم بڑھے، قوم اور ادارے تقسیم ہوں ان کا فائدہ ؟

انہوں نے لکھا کہ مسلسل کہہ رہا ہوں گفتگوکی ضرورت ہے، نیو ڈیل کی طرف جائیں، ایک دوسرے کو نیچا دیکھانا کسی کے مفاد میں نہیں،ملک پر رحم کریں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے اپنے رد عمل میں کہا کہ مستقبل میں آئین توڑنے کی روایت ختم ہوگی، ایسا فیصلہ 50 سال پہلے دیا جاتا تو کبھی مارشل لا کی لعنت اورمنحوست مسلط نہ ہوتی اور کبھی مشرقی پاکستان الگ نہ ہوتا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اس فیصلے کو کسی ادارے کےخلاف نہیں لیناچاہیے، اس کے نتیجےمیں آئین کی عملداری بڑھےگی۔

انہوں نے کہا کہ آمریت کےدورمیں کابینہ کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، پرویزمشرف کا ٹرائل 5سال سے چل رہاتھا اور عدالت نے سابق صدر کو بار بار موقع دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سزاوَں پر عملدرآمد ہوناچاہیے تاکہ آئینی حکومتیں قائم رہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے رد عمل میں کہا کہ حکومت فیصلے کا تفصیلی جائزہ لینے اور قانونی مشاورت کے بعد اپنا بیانیہ دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کل واپس آئیں گے،قانونی معاملات کووہی دیکھیں گے۔


متعلقہ خبریں