ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلیے اے بی ڈویلیئرز سے بات چیت جاری ہے، فاف ڈوپلسی


جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈو پلسی نے تصدیق کی ہے کہ ٹیم انتظامیہ سابق کپتان و مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئرز سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ٹیم میں واپسی سے متعلق بات چیت کر رہی ہے۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کریک انفو کے مطابق پروٹیز کے نومنتخب کوچ مارک بوچر نے دو دن قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ سابق کپتان سے ٹیم میں واپسی کے لئے بات کریں گے۔

جنوبی افریقہ کے کپتان کا کہنا تھا کہ شائقین کے ساتھ ساتھ میں بھی چاہتا ہوں کہ اے بی ٹیم میں واپس آئیں، اور ٹیم انتظامیہ اس سلسلے میں گزشتہ تین ماہ سے ان سے رابطے میں ہے۔

یاد رہے گزشتہ سال جارح مزاج  بلے باز ابراہم بینجامن ڈی ویلئیر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ میں تھک گیا ہوں اس لیے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، بھارت اور آسٹریلیا سے سیریز جیتنے کے بعد ریٹائرمنٹ کا بہترین موقع  ہے۔

واضح رہے عالمی کپ سے قبل جنوبی افریقہ کے سابق کوچ نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے اے بی ڈی ویلیئرز سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کی التجا کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر قائم ہو گیا تھا کہ اے بی اپنی مرضی کے مطابق ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دیتے تھے جب کہ اس بات میں حقیقت نہیں تھی، میں نے خود اے بی کو یہ اختیار دیا تھا کہ وہ اپنے آپ کو ورلڈ کپ 2019 کے لئے تیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اے بی پر یہ بات واضح کر دی تھی کہ وہ عالمی کپ سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے مابین سیریز کھیلیں گے مگر انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور بنگلہ دیش کی لیگ کھیلنے کو ترجیح دی۔

ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقین کرکٹ بورڈ کو انتظامیہ کی جانب سے بتا دیا گیا تھا کہ چونکہ اے بی ڈی ویلیئرز 12 ماہ میں کوئی بین الاقوامی اور مقامی کرکٹ نہیں کھیلے اس لئے انہیں منتخب نہ کیا جائے۔

زونڈی نے کہا کہ بے شک اے بی دنیائے کرکٹ کے ایک بڑے کھلاڑی ہیں، تاہم اصول و ضوابط ہمارے لئے ان تمام باتوں سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں، اس لئے اس فیصلے پر ہمیں کوئی پچھتاوا نہیں۔


متعلقہ خبریں