وزیراعظم، وزیرخارجہ کا دورہ ملائیشیا منسوخ



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ ملائیشیا بھی منسوخ ہوگیا ہے۔

سفارتی ذرائع نے ہم نیوز کو اطلاع دی کہ دونوں دورے منسوخ ہونے کے بعد وزارت دفاع کے مرکزی دفتر جی ایچ کیو میں پاک فوج کے سینئر افسران کا اہم مشاورتی اجلاس جاری ہے۔

فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر میں جاری اجلاس میں  پاک فوج سے متعلقہ آئینی و قانونی امور کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے کولالمپور سمٹ میں شرکت کرنی تھی جس میں 52 ممالک کے 400 نمائندے سمیت 250 سیاستدان، صدور اور رہنما شریک ہوں گے۔

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ ترک صدر رجب طیب اردگان، قطری امیر شیخ تمیم بن حم آل ثانی اور  ایران کے صدر حسن روحانی کو بھی کولالمپور سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

سمٹ 18 سے 21 دسمبر کو ملائیشیا میں منعقد ہونا ہے جس میں پاکستان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے جب کہ سعودی عرب، امارات اور بحرین بھی اس میں شریک نہیں ہیں۔

وزیراعطم عمران خان سعودی عرب اور بحرین کا دورہ کیا تھا جس کے بعد اطلاع آئی کے عمران خان کولا لمپور سمٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان کو 18دسمبر کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن ان کے سعودی عرب، بحرین اور سوئٹزرلینڈ کے دوروں کے باعث کوالالمپور سمٹ میں شرکت ممکن نہ ہوسکی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کی جگہ کوالالمپور سمٹ میں شرکت کرنی تھی اور اب وہ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ عمران خان نے سوئزر لینڈ میں مہاجرین کے لیے ہونے والےسمٹ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور ان کو کولالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پراعتماد میں لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات میں کہا ہے کہ ہم مسلم امہ کو متحد دیکھنا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں