پشاور ہائیکورٹ پارکنگ دھماکے میں زخمی ہونے والا رکشہ ڈرائیور بےگناہ قرار


پشاور: خیبرپختونخواہ پولیس اور سی ٹی ڈی نے گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ پارکنگ میں ہونے والے رکشہ دھماکے میں زخمی ہونے والے ڈرائیور کو بےگناہ قرار دے دیا۔

تاہم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے رکشہ میں بیٹھنے والے سوار کا تاحال سراغ نہیں لگا سکے ہیں۔

پولیس اور سی ٹی ڈی نے ابتدائی تفتیش میں زخمی رکشہ ڈرائیور کو بےگناہ قرار دے دیا۔ زیر علاج رکشہ ڈرائیور اجمل خان کے مطابق ادھیڑ عمر مشکوک شخص سامان سمیت ہشنگری سے سوار ہوا۔

ان کے مطابق کچھ کاغذات ہائی کورٹ پہنچانے کا کہا۔ ہائی کورٹ پارکنگ پہنچتے ہی سواری نے بیلنس نہ ہونے کا بہانا کر کے اس سے موبائل فون لیا اور اترگیا، جس کے تین منٹ بعد دھماکہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائی کورٹ کی پارکنگ میں دھماکہ، 11 افراد زخمی

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق رکشہ ڈرائیور نے آخری کال والد کو کی تھی۔ رکشہ چند ہفتے پہلے خریدا گیا تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مشکوک شخص کا سراغ لگانے کے لئے مزید سی سی ٹی وی فوٹیج کی ضرورت ہے جس کے لئے ہائی کورٹ رجسٹرار سے رجوع کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہائی کورٹ پارکنگ دھماکے میں 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں