انسداد پولیو ٹیموں پر تشدد اور حملے، دو پولیس اہلکار شہید

فائل فوٹو


خیبرپختونخوا کے علاقہ دیر لوئر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر مامور دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔

شہید اہلکاروں کی شناخت فرمان اللہ اور مکرم کے نام سے ہوئی ہے۔ سپاہی مکرم خان اسپیشل اور فرمان ریگولرپولیس اسکواڈ کا حصہ تھے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کےبعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم ان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزموں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ پولیس ٹیم پر حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ لعل قلعہ میں درج کرلیا گیا۔

دوسری جانب پنجاب کےب ضلع سرگودھا سے بھی پولیو ٹیم پر تشدد کی اطلاع ملی ہے۔

اطلاعات کے مطابق انسداد پولیو ٹیم کے ممبران رحیم بخش اور محمد صغیر نواحی گاؤں چک نمبر 125 شمالی پہنچےتو اخترحسین نامی شخص نے بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کردیا۔

پولیو ٹیم نے بچے کو قطرے پلانے پر اسرار کیا تو ملزم نے ان پر تشدد شروع کردیا۔ اطلاع موصول ہونے پر پولیس موقع پر پہنچی تاہم ملزم فرار ہوچکا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تھانہ سلانوالی پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں پولیو کیسز کے بڑھتے ہوئے واقعات سامنے آنے کے بعد دو روز قبل ہی ملک کے بیشتر حصوں میں پولیس مہم شروع کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں