زلمی کی شاندار فتح، کنگز نے واپسی کا ٹکٹ کٹا لیا


لاہور: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے اہم مرحلے میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کی راہ دکھا دی۔

اہم مرحلے میں دفاعی چیمپئن زلمی نے کنگز کو 13 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زلمی کی جانب سے دیے گئے 171 رنز کے تعاقب میں کنگز کی ٹیم مقررہ 16 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر157 رنز بنا سکی۔

کنگز کی اننگ

اننگ کے آغاز میں مختار احمد اور جو ڈینلی میدان میں آئے تو غیر ملکی بلے باز نے پہلے ہی اوور میں چار چوکے لگا کر کراچی کی امیدوں کا دیا روشن کر دیا۔

دوسرے اوور کی دوسری گیند پر ثمین گل نے مختار احمد کو ایک رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر کے کنگز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

بابر اعظم میدان میں آئے اوراوپننگ بلے باز جوڈینلی کے ساتھ اچھی شراکت داری قائم کرنے میں کامیاب رہے۔

دونوں بلے بازوں نے 12ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر نصف سنچریاں بنائیں۔ بابر اعظم نے 35 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 50 رنز سمیٹے۔

جوڈینلی نے 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ففٹی مکمل کی۔

56 کے انفرادی اسکور پر حسن خان نے بابر اعظم کا کیچ ڈراپ کر کے دونوں بلے بازوں کی پارٹنرشپ توڑنے کا موقع گنوا دیا۔

بابر اعظم 45 گیندوں پر 63 رنز بنا کر لیام ڈاؤسن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں کی ریکارڈ پارٹنرشپ (117) حسن خان کی گیند پر ختم ہوئی۔

جوڈینلی نے 42 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 72 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

زلمی کی جانب سے حسن علی اور ثمین گل ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

زلمی کی اننگ

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کنگز کی دعوت پر زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 16 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔

زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور آندرے فلیچر اوپننگ کے لیے میدان میں آئے تو دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ میں 107 رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کی۔

کامران اکمل نے ساتویں اوور میں 17 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے شاندار نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے کنگز بالر عثمان شنواری کو ایک اوور میں 25 رنز جڑ دیے۔

کامران اکمل نے پی ایس ایل کی تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

اس سے قبل اسلام آباد کےرونکی نے 19 گیندوں پرنصف سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے کراچی کنگز کے خلاف ہی دبئی میں کھیلے جانے والے پلے آف میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

کامران اکمل تیز ترین نصف سنچری مکمل کرنے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل عمران نذیر اور احمد شہزاد یہ ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔

زلمی کی پہلی وکٹ 107 رنز کے مجموعی اسکور پر گری۔ آندرے فلیچر 30 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کامران اکمل نے دوسرے آنے والے کھلاڑی لیام ڈاؤسن کے ساتھ مل کر اننگ جاری رکھی اور مجموعی اسکور کو 120 رنز تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔

کامران اکمل کا رنز اگلتا بلا روی بوپارا کی گیند پر خاموش ہوا۔ لیکن تب تک وکٹ کیپر بلے باز 27 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگ کھیل چکے تھے۔

کامران اکمل نے آٹھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 77 رنز بٹورے۔

محمد حفیظ میدان میں آئے تو لیام ڈاؤسن کے ساتھ مل کر اسکور کو اچھے ٹوٹل کی جانب لے جانے کی کوشش کی۔ حفیظ 137 کے مجموعی اسکور پر روی بوپارا کا تیسرا شکار بنے۔

نائب کپتان آٹھ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

کپتان ڈیرن سیمی وکٹ پر موجود لیام ڈاؤسن کا ساتھ دینے میدان میں آئے لیکن دونوں بلے بازوں میں اچھی شراکت داری قائم نہ ہو سکی۔

لیام ڈاؤسن 150 کے ٹوٹل پر عثمان شنواری کا شکار بن گئے۔

ٹاپ آرڈر بلے باز خاطر خواہ انفرادی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ کپتان ڈیرن سیمی 12 گیندوں پر 23 رنز سمیٹ کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں تیمل ملز کی گیند پر جو ڈینلی نے کیچ آؤٹ کیا۔

کپتان آخری اوور کی تیسری گیند پر آؤٹ ہوئے تو سعد نسیم اور وہاب ریاض بھی آتے اور جاتے دکھائی دیے۔

تیمل ملز نے آخری اوور کی تیسری چوتھی اور پانچویں گیند پر تین کھلاڑیوں کو میدان سے چلتا کیا۔

ڈیرن سیمی کے بعد سعد نسیم پانچ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ وہاب ریاض بھی اگلی ہی گیند پر بڑا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں جو ڈینلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کنگز کی جانب سے عثمان خان شنواری نے تین اور تیمل ملز نے دو کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کی راہ دکھائی۔

فائنل مقابلہ 

پی ایس ایل کے پہلے اور دوسرے ایڈیشن کی فاتح ٹیمیں تیسرے سیزن کے فائنل میں آمنے سامنے آئیں گی۔ یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے پہلے اور زلمی نے دوسرے سیزن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین فائنل مقابلہ 25 مارچ ( اتوار) کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد یونائئٹڈ نے دبئی میں کھیلے گئے پلے آف میں کراچی کنگز کو ہی شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔


متعلقہ خبریں