مراد سعید نے بلاول کو ’’پرچی والا چیئرمین‘‘ قرار دے دیا


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل  مراد سعید  نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ’’پرچی والا چیرمین‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اور انکے والد کی “جمہوریت” نے عوام کو غربت، جہالت اور وسائل کی لوٹ مار دی ہے۔

لاہور میں کی جانے والی بلاول کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ’’پرچی والے چیئرمین‘‘ کے پاس کرنے کو اور تو کچھ  نہیں، کم از کم تقریر ہی بدل لیں۔

مراد سعید نے کہا کہ پرچی والے چیئرمین کے نزدیک جمہوریت کرپشن اور لوٹ مار کی آزادی کا نام ہے۔ پرچی والے چیئرمین وہ جمہوریت مانگ رہے ہیں جس میں ان کے والد کی لوٹ مار کا حساب نہ مانگا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی نے پھر راولپنڈی آنے کا فیصلہ کر لیا، بلاول بھٹو زرداری

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول وہ جمہوریت مانگ رہے ہیں جس میں سراج درانیوں اور شرجیل میمنوں کو وارداتوں کی آزادی ہو۔ سندھ  کے عوام حادثاتی چیئرمین کی “جمہوریت” کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت کبھی پیپلز پارٹی کا مقصد تھا نہ ہے اور نہ ہوگا۔ پرچی والے چیئرمین جانتے ہیں انتخابات شفاف ہوئے تو ایک یونین کونسل ہاتھ نہیں لگے گی۔ بلاول جان لیں انتخابات بھی شفاف ہوں گے اور سندھ بھی لٹیروں سے نجات حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ مظلومیت کا کارڈ کام آئے گا نہ ہی جذبات کی سوداگری چلے گی۔ والد اور پھوپھو سمیت جس نے بھی قومی خزانے پر ہاتھ صاف کیا ہے انکی جوابدہی ہوگی۔


متعلقہ خبریں