کراچی میں ایک مرتبہ پھر اغواء کار سرگرم ہونے لگے


کراچی: کراچی میں ایک مرتبہ پھر اغواء کار سرگرم ہونے لگے، بسمہ اوردعا اغواء کیس کے بعد مبینہ اغواء وقتل کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق  پیرکی صبح ملیر سعودآباد قبرستان سے کراچی بندرگاہ (کے پی ٹی)  کے کلئیرنس ایجنٹ عامراقبال کی لاش ملی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں مقتول کے ورثاء سے ایک کروڑ تاوان طلب کئےجانےکا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کے ہی نمبر سے اہلیہ کو ایک کروڑ روپے تاوان کی کال موصول ہوئی تھی۔ عامراقبال کو قتل کر کے لاش چادر اور قالین میں لپیٹ کر پھینک دی گئی تھی۔

پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کرنے کے لیے اغوا کاروں نے  تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس نے تھانہ کھوکھرا پار میں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی جیب سے سول ایوی ایشن اور کراچی بندرگاہ کا داخلہ پاس بھی ملے ہیں۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں