مذہبی روداری کا فروغ، خیبر پختونخوا حکومت بدھوں کا مذہبی تہوار منائے گی


پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے سرکاری سطح پر بدھ مت کے سالانہ مذہبی تہوار کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔

بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے سینئر وزیر سیاحت عاطف خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت مردان تخت بائی میں بدھ مت کے سالانہ مذہبی تہوار کا انعقاد کرے گی۔

سینئر وزیر عاطف خان کی اسلام آباد میں ورلڈ بینک کے وفد سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کے پی میں مذہبی سیاحت کے حوالے سے اہم اعلانات کیے۔

ورلڈ بینک کے رکن معظم میکن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا قدرتی خوبصورتی سے مالامال صوبہ ہے اور باہمی تعاون سے یہاں سیاحتی  مقامات بنائے جارہے ہیں۔

معظم میکن نے مزید کہا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے ورلڈ بنک مزید مالی معاونت بھی فراہم کرے گا۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سکھوں کے لیے کرتار پور راہداری کا افتتاح کیا تھا جس کی افتتاحی تقریب میں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے بھی شرکت کی تھی۔

کرتارپور وہ جگہ ہے جہاں سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرونانک دیو جی نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے تھے۔

یہاں ان کی ایک سمادھی اور قبر بھی ہے جو سکھوں کے لیے ایک مقدس مقام کی حیثیت رکھتے ہیں۔

کرتار پور میں واقع دربار صاحب گرودوارہ کا بھارتی سرحد سے فاصلہ تین سے چار کلومیٹر ہے لیکن سکھ یاتریوں کو لاہور سے اس گرودوارے تک پہنچنے 130 کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑتا ہے اور تقریباً تین گھنٹوں کا وقت لگ جاتا ہے۔

کرتارپور راہداری تعمیر کیے جانے پر دنیا بھر کے سکھوں نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا اور اس اقدام کو سراہا تھا۔


متعلقہ خبریں