ہم نے ہر حال میں قانون کےساتھ ہی کھڑے ہونا ہے، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کو ریاست کا مفاد مقدم ہے اور ہم نے ہر حال میں قانون کے ساتھ  ہی کھڑے ہونا ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کور کمیٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کور کمیٹی کو عدالتی فیصلے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔ ہماری قانونی ٹیم پرویز مشرف کے خلاف فیصلے پر ترجیحات کو دیکھے گی جس کے بعد ہی حکومت مؤقف سامنے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کا مفاد ہمیں ہر حال میں مقدم ہے اور ہم نے ہر حال میں قانون کےساتھ ہی کھڑے ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کے حوالے سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی گئیں تاہم وزیر اعظم نے اپنا دورہ منسوخ ہونے پر کور کمیٹی کو محرکات سے آگاہ کر دیا۔ مسلم امہ کا اتحاد اس وقت اہم ترین ضرورت ہے اور وزیر اعظم مسلم ممالک کو اکھٹا کرنا چاہتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے مفادات کے ساتھ کھڑا ہونا نہیں چاہتا، پاکستان امہ کے مفاد اور ہم آہنگی کے لیے کلیدی کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں، سراج الحق

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا معاملہ پارلیمنٹ نے طے کرنا ہے اور اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہو رہا ہے تاہم وزیر اعظم نے پارلیمانی کمیٹی کو مسئلے کے حل کا دوبارہ ٹاسک دیا ہے اور انہوں نے ہدایت کی ہے کہ کسی ایک نام پر اتفاق کر لیا جائے۔


متعلقہ خبریں