کراچی ٹیسٹ: قومی ٹیم 191 رنز پر ڈھیر


کراچی: دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلےجانے والے تاریخی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

پہلے دن کا کھیل

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز سلامی بلے باز شان مسعود اور عابد علی نے کیا تاہم شان محض پانچ رنز بنا کر وشوا فرنینڈو کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد کپتان اظہرعلی کریز پر آئے، ان کا سفر بھی زیادہ طویل ثابت نہ ہو سکا اور وہ دوسری ہی گیند پر فرنینڈو کی اندر آتی ہوئی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

ٹیم کی ہچکولے کھاتی ہوئی بیٹنگ لائن کو سنبھالا دینے کی غرض سے بابراعظم کریز پر آئے، عابد اور بابر کے درمیان 55 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم کمارا کی اندر آتی ہوئی گیند عابد آؤٹ ہو گئے۔

کھانے کے وقفے کے بعد بابر اور اسد شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، اس دوران بابر نے اپنی نصف سینچری مکمل کی تاہم وہ اپنی اننگز کو طوالت دینے میں ناکام رہے اور 60 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔

اس دوران محمد رضوان 4 اور یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ اسد شفیق نصف سینچری اسکور کرنے کے بعد لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور وہ بھی کمارا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

سری لنکا کی جانب لاہیرو کمارا اور لاہیرو ایمبلڈینیا نے 4،4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ویشوا فرنینڈو نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

ٹیمیں

دونوں ٹیموں نے اپنی پلیئنگ الیون میں ایک ایک کھلاڑی کی تبدیلی کی ہے۔

سری لنکا کی ٹیم میں دیمود کرونارتنے کپتان، اوشاڈہ فرنینڈو، کشال مینڈس، انجیلو میتھیوز، دینیش چندیمل، نروشان ڈیویلا، ڈی سیلوا، وشوا فرنینڈو، پریرہ اورامبولدینیا شامل ہیں۔

جبکہ پاکستان کی ٹیم میں کپتان اظہر علی، عابد علی، شان مسعود، بابراعظم، اسد شفیق، محمد رضوان، حارث سہیل، یاسر شاہ، نسیم شاہ، شاہین شاہ اور محمد عباس شامل ہیں۔

انتظامات و موسم

تاریخی ٹیسٹ میچ کے لئے نیشنل اسٹیڈیم میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، سیکیورٹی کے بھی بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں، آرمی،  رینجرز، پولیس کے جوان اسٹیڈیم کے اطراف موجود ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ کا ٹاس صبح ساڑھے 9 بجےہوگا جبکہ 10 بجے پہلی گیند کرائی جائےگی۔

تاریخی میچ سے لطف اندوز ہونے کے لئے انتظامیہ نے شائقین کرکٹ کے لئے مفت داخلہ کر دیا ہے،  شہری اصل قومی شناختی کارڈ دیکھا کر اسٹیڈیم میں میچ دیکھ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جو کھیل کو متاثر نہیں کر سکتا۔

یاد رہے دونوں ٹیموں کے مابین راولپنڈی میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ خراب موسم کے باعث ڈرا ہو گیا تھا۔


متعلقہ خبریں