گانے میں مردوں کی تذلیل کرنے پر ابرار الحق معافی مانگیں، عدنان اصغر


اسلام آباد: پاکستان کے معروف گلوکار ابرار الحق کے نئے جاری کردہ گانے “چمکیلی” پر مقدمہ کرنے والے وکیل رانا عدنان اصغر نے کہا ہے کہ ابرار الحق کے گانے میں جن الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے ان سے مردوں کی تذلیل کی گئی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “صبح سے آگے” میں میزبان شفا یوسفزئی اور اویس منگل والا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس گانے میں مرد کو نابالغ ظاہر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گانے میں میں بار بار مرد ذات کو نیچا دکھانے والے الفاظ کا استعمال گیا گیا ہے۔

انہوں نے گانے کی ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لڑکا بارات لے کر جاتا ہے لیکن اس گانے میں یہ کام لڑکی کر رہی ہے جو کہ اچھا تاثر نہیں دیتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ہر مقدمہ اپنی نوعیت کے حساب سے عدالت میں جاتا ہے، میرا مقدمہ سول کورٹ میں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مردوں کے حق میں ابھی تک کوئی آواز نہیں اٹھائی گئی۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گلوکار ابرارالحق اپنے گانے کو تمام سوشل ایپز سے ڈلیٹ کر دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جس طرح انہوں نے گانے میں مرد ذات کی عزت خراب کی اس پر سب سے معافی بھی مانگیں۔


متعلقہ خبریں