وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم: اسد عمر کو ایم کیو ایم سے متعلق امور دیکھنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں معاشی عمل کو تیز کرنے اور ہنرمندوں اور نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ملک بھیجی جانی والی رقوم پر مراعات پیکیج کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو اپنی خون پسینے کی کمائی کو پاکستان میں موجود اپنے خاندانوں کو قانونی طریقوں سے بھجوانے میں ہر ممکنہ آسانی فراہم کی جائے۔ ان کو ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے ضمن میں مراعات دی جائیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔

وزیراعظم نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی کو ہدایت کی کہ  بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کے جائز مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے۔ تعمیرات کے شعبے سے نہ صرف چالیس کے لگ بھگ صنعتیں وابستہ ہیں، بلکہ اس شعبے کے فروغ سے نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس کو ہدایت کی کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے لئے سرکاری زمینیوں کو برؤے کار لانے کے عمل کو تیز کیا جائے۔

اجلاس میںترسیلات زر میں اضافے اور بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ملک میں بھیجی جانے والی رقوم پر ان کو مراعات دینے کی تجاویز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ بیرون ملک پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں۔


متعلقہ خبریں