نیلم ویلی: بھارتی گولہ باری سے دو شہری شہید، پاک فوج کے 3 جوان سمیت دو شہری زخمی


اسلام آباد: نیلم ویلی میں جورا سیکٹر پر شہری آبادی پر بلا اشتعال بھارتی گولہ باری سے  دو افراد شہید اور پاک فوج کے تین جوان سمیت  پانچ شہری شدید زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی گولہ باری کے نتیجہ میں لیسواہ کے رہائشی دس سالہ شہر یار اور نوید شہید ہوگئے جبکہ تین فوجی جوان سمیت دو شہری نذیر اور کومل نذیر زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنانے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک بھارتی چوکی تباہ کر دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  تباہ ہونے والی بھارتی چیک پوسٹ سے بھارتی فوجیوں کو اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھاتے دیکھا گیا۔ فائرنگ کے دوران پاک فوج کے 3 جوان بھی زخمی ہوئے۔

اس سے قبل پولیس نے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے لیسواہ، جورا، اشکوٹ، میر پورہ و دیگر علاقوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال گولہ باری، 2 شہری شہید،2 زخمی

پولیس کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بلا اشتعال بھارتی گولہ باری کے خلاف بھر پور جوابی کاروائی کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اٹھمقام سمیت وادی نیلم کے مختلف علاقوں میں بھارتی افواج کی جانب سے شدید فائرنگ و گولہ باری جاری ہے۔ بھارتی فائرنگ سے علاقے میں مواصلات اور بجلی کا نظام معطل ہوگیا ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں