اچھے اساتذہ اور مثبت سوچ انسان کو اوپر لے جاتی ہے، سلطانہ صدیقی

اچھے اساتذہ اور مثبت سوچ انسان کو اوپر لے جاتی ہے، سلطانہ صدیقی

جامشورو: صدر ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی نے کہا ہے کہ زندگی میں کوئی بھی مقام اساتذہ کی محنت کے باعث ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی اپنے اساتذہ کی محنت کی وجہ سے کامیاب ہوئی ہوں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اچھے اساتذہ اور اچھی جامعہ کے ساتھ  اگر بھرپور محنت کی جائے اور مثبت سوچ اپنائی جائے تو وہ انسان کو اوپر لے جاتی ہے۔

سلطانہ صدیقی اوپن کراچی کی چیئرپرسن منتخب

ہم نیوز کے مطابق وہ مہران انجینئرنگ یونیورسٹی جامشورو میں منعقدہ سالانہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں۔ تقریب میں جامعہ سے فارغ التحصیل ہوکر اپنی علمیت و قابلیت کا لوہا منوانے والوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ اور وائس چانسلر مہران انجینئرنگ یونیورسٹی سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

سلطانہ صدیقی نے کہا کہ میں کئی تقاریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو ہوتی ہوں لیکن جب اچھے انسٹی ٹیوٹ میں جاتی ہوں تو خوشی محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے شنید نے اسی جامعہ سے تعلیم حاصل کی اور یہاں سے تین ایوارڈز بھی لیے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ میرے بیٹے اپنی اپنی جگہ اچھے عہدوں پر ہیں۔

صدر ہم نیٹ ورک نے کہا کہ میں خود بھی حیدرآباد سے پڑھی ہوں اور یہ شہر ماضی میں بھی با علم لوگوں کا گڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آکر خوشگوار یادیں تازہ ہوتی ہیں۔ ذاتی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے تنہا ہوتے ہوئے بچوں کو پالا اور آج مجھے فخر ہے۔

سلطانہ صدیقی کے لیے “اعتراف”ایوارڈ 2019

ہم نیوز کے مطابق سلطانہ صدیقی نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل میں نے ملتان میں استاد پرتشدد کا واقعہ دیکھا تو اس وقت سے صدمے میں ہوں اور سوچتی ہوں کہ شاید ہم سے کوئی غلطی ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ مجبور ہو کر کہتے ہیں کہ معاف کردیا جب کہ میں کہتی ہوں کہ قانون اور اصول ہونے چاہئیں۔

ماضی کا حوالے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے وقت میں برخاست کردیا جاتا تھا جب کہ آج لوگ ڈرتے ہیں۔ انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ اس بات کوسمجھنے کی ضرورت ہے کہ کوئی بھی مقام اساتذہ کی محنت کے باعث ہی ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں کہ معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔

ہم نیوز کے مطابق صدر ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی نے واضح کیا کہ اجتماعی سوچ اپنائیں کیونکہ انفرادی سوچ پنپتی نہیں ہے۔

مہران انجینئرنگ یونیورسٹی جامشورو میں منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے کہا کہ ایکسیلنس ایوارڈز جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے باعث فخر ہے کہ میں یہاں مدعو ہوں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پیش کردہ تجاویز پر جلد عمل درآمد ہوگا۔ انہوں نے مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کی ترقی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کا معیار تعلیم بہت اچھا ہے۔

کامیاب ہونے کے لیے چیلنجز کا سامنا ضروری ہے، سلطانہ صدیقی

چیف سیکریٹری سندھ ممتازعلی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صف اول کی جامعات میں شمار ہونے والی مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کے آٹھ وائس چانسلرز ایسے رہے ہیں جو اسی جامعہ سے فارغ التحصیل تھے۔


متعلقہ خبریں