چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ آج ریٹائر ہوجائیں گے

چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ آج ریٹائر ہوجائیں گے

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان کے 26ویں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ آج اپنے عہدے سے  ریٹائر جائیں گے۔

چیف جسٹس  کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس ہوگا جس میں آصف سعید کھوسہ اپنا الوداعی خطاب کریں گے۔

انہوں نے 18 جنوری 2019 کو عہدہ  سنبھالا تھا اور 65 سال عمر ہونے بعد وہ بحیثیت چیف جسٹس پاکستان ریٹائر ہو رہے ہیں۔

آصف سعید کھوسہ نے 2007 کی ایمرجنسی کے دوران پرویز مشرف کے خلاف اس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا ساتھ دیا تھا اور فروری 2010 میں سپریم کورٹ کے جج تعینات ہوئے۔

پاکستان کے 26ویں چیف جسٹس سپریم کورٹ کے اس سات رکنی بنچ کا حصہ تھے جس نے ملکی تاریخ میں پہلی بار منتخب وزیراعظم کو عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کا مجرم قرار دیا تھا۔

گزشتہ 19 سال اور 6 ماہ کے عدالتی کیریئر میں انہوں نے 55 ہزار مقدمات کے فیصلے کر کے ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔

آصف سعید کھوسہ نے ممتاز قادری کی سزائے موت کو برقرار رکھا اور آسیہ بی بی کی اپیل سننے والے بینچ میں بھی شامل رہے۔

پاناما کیس سننے والے پانچ رکنی بینچ  کا بھی حصہ رہے اور انہوں نے اپنے اختلافی نوٹ میں مشہور اطالوی ناول گاڈفادر کا ڈائیلاگ لکھا ’ہر بڑی دولت کے پیچھے جرم کی ایک داستان چھپی ہوتی ہے‘۔


متعلقہ خبریں