مشرف کیس پر مسلم لیگ ن کی پراسرار خاموشی، ڈیل کی افواہوں کو تقویت ملنے لگی


لاہور: سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت کا تفصیلی فیصلہ جاری کیے جانے کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے اب تک کسی بھی قسم کا بیان جاری نہیں کیا۔

تفصیلی فیصلے پر شہباز شریف کے بعد حمزہ شہباز نے بھی چپ سادھ لی ہے اور وہ پنجاب اسمبلی میں مسلسل تیسرے روز بھی مشرف کیس پر صحافیوں کے سوالات کا سامنا کرنے سے گریزاں ہیں۔

ایک صحافی کے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز سے سوال پر کہ مشرف کیس کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے کچھ لب کشائی کر دیں، حمزہ شہباز نے جواب دینے سے گریز کیا اور صحافی کو یہ کہہ کر چلے گئے کہ آپ سے بات ضرور کریں گے، بارش سے کیمرے تو بچائیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف سے ذرائع ابلاغ نے پرویز مشرف کیس کے تفصیلی فیصلے پر موقف لینے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف دیے جانے والے عدالتی فیصلے کو پڑھا نہیں ہے اس لیے اس پر کوئی رائے نہیں دے سکتا۔

صحافیوں کا یہ سوال کہ کیا سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو عدالتی فیصلے کی بابت بتایا گیا ہے؟ انہوں نے یہ کہہ کر سوال ٹال دیا کہ ان کے ٹیسٹ تھے اس لیے وقت نہیں ملا۔


متعلقہ خبریں