وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے حسان احمد نیازی کی ضمانت منظور

وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے حسان احمد خان نیازی کی ضمانت منظور

فائل فوٹو


لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے بھانجا حسان احمد خان نیازی نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہو کر ضمانت حاصل کر لی ہے۔

حسان نیازی کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔ وہ دس دن سے مفرور تھے۔

انسداددہشت گردی عدالت نے حسان نیازی کی ضمانت قبل ازگرفتاری 24 دسمبر تک منظور کی ہے۔

پولیس کے مطابق حسان خان نیازی کو مقدمہ کی ضمنی میں نامزد کیا گیا ہے کیوں کہ وہ توڑ پھوڑ اور پولیس کی گاڑی کو نذر آتش کرنے میں پیش پیش تھا۔

پی آئی سی پر حملے کے دوران حسان نیازی ایڈووکیٹ نہ صرف پولیس پر پتھراؤ کرتے رہے بلکہ ان کو فوٹیج میں پولیس وین کا دروازہ توڑتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

حسان نیازی کی گرفتاری کےلیے متعدد جگہوں پر چھاپے مارے گئے تھے۔ وہ پی آئی سی کے باہر توڑ پھوڑ اور گاڑی کو آگ لگانے کے واقعے میں نامزد ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر پہلے تو حسان نیازی ایڈووکیٹ ہونے والے احتجاج کو پرامن قرار دیتے رہے اورساتھ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے رہے تھے۔

بعد ازاں نشاندہی کے بعد وہ خود کو وکلا کے پرتشدد احتجاج سے علیحدہ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ شناخت کے بعد پولیس نے جب ان کی تلاش شروع کی تو حسان نیازی روپوش ہوگئے اور ان کا موبائل فون بھی بند جا رہا تھا۔


متعلقہ خبریں