ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا مجھ پر الزام عدلیہ کیخلاف گھناؤنی سازش ہے، چیف جسٹس

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا مجھ پر الزام عدلیہ کیخلاف گھناؤنی سازش ہے، چیف جسٹس

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ان پر خصوصی عدالت پر اثر انداز ہونے کا الزام لگایا جو یہ مجھے اور عدلیہ کو بدنام کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔

فل کورٹ ریفرنس سے اپنے الوداعی خطاب میں انہوں نے کہا میڈیا پر تاثر دیا گیا کہ میں نے پرویز مشرف کیس فیصلے کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ الزام بے بنیاد اور سراسر غلط ہے، یہ سارے الزمات سراسر بے بنیاد اور غلط ہیں، ہمیں عدالت کے حدود و قیود کا اندازہ ہے اور ایسے الزامات ایک مہم کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے اور پوری عدلیہ کیخلاف گھناؤنی مہم شروع ہو چکی ہے۔ مشرف فیصلے کے بعد نہ صرف میرے خلاف بلکہ عدلیہ کے خلاف تضحیک آمیز مہم چلائی گئی۔

آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنزل نے بھی میڈیا سے ملاقات میں مشرف کیس میں رائے پر بات کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا مشرف کیس پر میرے اثر انداز ہونے سے متعلق بات بے بنیاد اور تضحیک آمیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن سچ سامنے آئے گا اور سچ کا بول بالا ہوگا۔ میں نے ہمیشہ وہ کیا جسے درست سمجھا۔ میرے لیے یہ اہم نہیں کہ دوسروں کا ردعمل یا نتائج کیا ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک ایک جج کو بے خوف و خطر ہونا چاہیے۔ ایک جج کا دل شیر کی طرح اور اعصاب فولاد کی طرح ہونے چاہئیں۔


متعلقہ خبریں