پاک سوزوکی نے پھر قیمتیں بڑھانے کا اعلان کردیا

پاک سوزوکی نے پھر قیمتیں بڑھانے کا اعلان کردیا

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں کاریں بنانے والی کمپنی سوزوکی نے یکم جنوری 2020 سے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں کے مطابق نئے سال میں گاڑیوں کی قیمتیں 49ہزار سے 90 ہزار تک بڑھائی جائیں گی۔

پاک سوزوکی نے 2019 میں بھی اپنی گاڑیوں کی قیمت پانچ بار بڑھائی ہے۔ دسمبر2019 میں سوزوکی موٹر سائیکل کی قیمت میں 8 ہزار کا اضافہ ہوا تھا۔

پاک سوزوکی نے تین ماہ قبل آلٹو کی قیمت میں اضافہ کر کے 13 لاکھ آٹھ ہزار سے بڑھاکر 15 لاکھ 18 ہزار کردی تھی۔

سوزوکی نے جون میں بھی مختلف ماڈلز کی  قیمتوں میں 20 سے 30 ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا۔ سوزوکی کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ویگن آر وی ایکس ایل کی قیمت گیارہ لاکھ 94 ہزار کردی گئی تھی۔

پاکستان میں کاروں کی بڑھتی قیمتوں کے سبب نئی گاڑیوں کی خریدو فروخت میں کمی ہوئی ہے۔ سوزوکی کے علاوہ ہنڈاٹلس نے بھی اپنی گاڑیوں کے قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔

گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی ہنڈا اٹلس نے اپریل 2019 میں اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں 50  تا 85 ہزار اضافے کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی نے کے مطابق  روپے کی قدر میں کمی کے سبب قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔

2019 کے دوران پاکستان میں نہ صرف نئی بلکہ استعمال شدہ گاڑیوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔

ڈیلرز کے مطابق 2019 کے دوران گاڑیوں کی قیمت میں دو سے تین لاکھ روپے اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے گاڑی خریدنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

استعمال شدہ درآمدی کاریں خریدنے کے خواہش مند افراد اور ان گاڑیوں کی فروخت سے منسلک شوروم مالکان کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ درآمدی ڈیوٹیز میں کمی کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد معیاری گاڑیاں خرید سکیں اور ان کی فروخت سے وابستہ افراد اپنے کاروبار سے منسلک رہ سکیں۔

ایک برس کے دوران 660 سے 800 سی سی گاڑیوں کی قیمتیں 60 ہزار جبکہ 1800 سے 2000 سی سی گاڑیوں کی قیمتیوں میں دو لاکھ روپے تک اضافہ کیا گیا۔

گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ان کی فروخت میں 30 فیصد سے زائد کمی آ گئی ہے۔


متعلقہ خبریں