کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے دوسری اننگز میں رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا

کراچی ٹیسٹ: پاکستان کی دوسری اننگز جاری

فائل فوٹو


کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر میزبان ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 395 رنز بنا لیے، عابد علی نے 174 اور شان مسعود نے 135 رنز بنائے۔

پاکستانی اوپنر عابد علی نے ایک اور سنچری اسکور کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا، وہ دو ٹیسٹ میچز میں دو مسلسل سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر دنیا کے 9ویں بلے باز بن گئے ہیں۔

اس سے قبل سابق پاکستانی اوپنر یاسر حمید نے اپنے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کی تھیں جبکہ وجاہت اللہ واسطی نے اپنے دوسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریا ں بنائی تھیں۔

کھیل کے اختتام پر اظہر علی 57 اور بابر اعظم 22 رنز پر کھیل رہے ہیں، سری لنکا کی جانب سے کمارا نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔

کھیل کے اختتام پر عابد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پہلا ہدف 80 رنز بنا کر سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری کا خاتمہ تھا، اس کے بعد لمبی شراکت داری کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں 105 میچز کھیلے جس سے حاصل ہونے والے تجربے سے بہت فائدہ ہوا، مجھے میرے ساتھی کھلاڑی اور انتظامیہ لیجنڈ کہہ کر بلاتے ہیں تو بہت اعتماد ملتا ہے۔

سنچری بنانے والے دوسرے اوپنر شان مسعود کا کہنا تھا کہ میرے لیے کراچی میں ٹیسٹ سنچری بنانے کی زیادہ اہمیت ہے، ہمارا ہدف تین سو رنز کی شراکت داری کا تھا جو بدقسمتی سے پورا نہ ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ وکٹ تھوڑی تبدیل ہوئی اورگیند تیز نکل رہا تھا۔

سری لنکا نے پہلی اننگز میں 80رنز کی برتری حاصل کی تھی، میچ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم 271رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جب کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا نے دوسرے روز کا آغاز تین وکٹ کے نقـصان پر 64 رنز سے کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ باوٗلر شاہین آفری نے 5 اور محمد عباس نے چار وکٹیں حاصل کیں ۔

سری لنکا کی جانب سے اینجیلو میتھیوز13 اور لسیتھ ایمبلڈینیا 13 اور دھاننجیا ڈی سلو32 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ چندیمال74 رنز کے ساتھ سری لنکا کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے جب کہ نیروشن ڈیکویلا نے 21 رنز بنائے۔

دلروان پریرا نے بھی  پاکستانی باؤلنگ کے سامنے مزاحمت دکھائی اور شاندار48رنز بنائے۔

پہلے دن کا کھیل

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز سلامی بلے باز شان مسعود اور عابد علی نے کیا تاہم شان محض پانچ رنز بنا کر وشوا فرنینڈو کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد کپتان اظہرعلی کریز پر آئے، ان کا سفر بھی زیادہ طویل ثابت نہ ہو سکا اور وہ دوسری ہی گیند پر فرنینڈو کی اندر آتی ہوئی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

ٹیم کی ہچکولے کھاتی ہوئی بیٹنگ لائن کو سنبھالا دینے کی غرض سے بابراعظم کریز پر آئے، عابد اور بابر کے درمیان 55 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم کمارا کی اندر آتی ہوئی گیند عابد آؤٹ ہو گئے۔

کھانے کے وقفے کے بعد بابر اور اسد شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، اس دوران بابر نے اپنی نصف سینچری مکمل کی تاہم وہ اپنی اننگز کو طوالت دینے میں ناکام رہے اور 60 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔

اس دوران محمد رضوان 4 اور یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ اسد شفیق نصف سینچری اسکور کرنے کے بعد لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور وہ بھی کمارا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

سری لنکا کی جانب لاہیرو کمارا اور لاہیرو ایمبلڈینیا نے 4،4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ویشوا فرنینڈو نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔


متعلقہ خبریں