مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی دوسری درخواست دائر

مریم نواز

فائل فوٹو


لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکلوانے کی دوسری درخواست دائر کردی ہے۔

انہوں نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، چیرمین نیب اور ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔

مریم نواز نے اپنے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ ان کا نام بغیر نوٹس دیے ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کا میمورنڈم بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار نے لاہورہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ حکومت کو نام ای سی ایل سے  نکالنے کا حکم دیا جائے

مریم نوز نے یہ استدعا بھی کہ ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک 1 بار 6 ہفتوں کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مریم نواز نےعدالت میں درخواست دی تھی ای سی ایل سے نام نکالا جائے جو لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو بھجواتے ہوئے سات دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے عدالتی حکم پر اجلاس بلایا جس کی صدارت وزیر قانون فروغ نسیم  نے کی تھی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر، نیب کا ایک نمائندہ اورمسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ بھی موجود تھے۔

قومی احتساب بیورو نے مریم نواز کانام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی تھی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ حکومت مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالے گی لیکن اگر عدالت نے حکم دیا تو فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں