نیب نے میاں جاوید لطیف کے گرد شکنجہ مزید سخت کر دیا

فائل فوٹو


لاہور: نیب نے مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی جاوید لطیف کے گرد شکنجہ مزید سخت کر دیا ہے، مرکزی بینک اور نجی بینکوں سے ان کے اکاؤنٹس کی تفصیل نیب کو موصول ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے میاں جاوید لطیف کے خلاف تحقیقات کے دوران مختلف اداروں سے ریکارڈ طلب کیا تھا، اس ضمن میں محکمہ مال، لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ لکھا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب میاں جاوید لطیف کے خلاف حاصل شدہ ریکارڈ کا جائزہ  لے گا اور مزید ریکارڈ موصول ہونے پر جلد انہیں طلب کر ے گا۔

یاد رہے کہ مسلم لیگی رہنما کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات جاری ہیں، چیئرمین نیب نے ان کے خلاف شکایات موصول ہونے کے بعد تحقیقات کا حکم جاری کیا تھا۔

چیئرمین نیب کی منظوری ملنے کے بعد تحقیقات کے لیے آٹھ مشترکہ رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی۔

میاں جاوید لطیف کے خلاف الزام ہے کہ انہوں  نے اپنے اہلخانہ کے نام اربوں روپے کی جائیداد بنائی ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ حبیب کالونی شیخوپورہ میں 12 مرلے کا گھر ڈیڑھ ایکڑ تک بڑھ گیا، میاں جاوید لطیف کے سیاست میں آنے بعد اثاثوں میں اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے منگل کو نیب نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کے ہونے والے اجلاس میں چھ کرپشن ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔


متعلقہ خبریں