خواجہ برادران کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر


لاہور: خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی درخواست ضمانت سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس امین الدین پر مشتمل دو رکنی بینچ درخواست پر سماعت کرے گا۔

اس ضمن میں خواجہ سعد رفیق کے وکیل اشتر اوصاف اور نیب پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کا دو رکنی بینچ پیر کو درخواست ضمانت کی سماعت کرے گا۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے  پیراگون ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 دسمبر تک توسیع کی تھی۔

خواجہ برادران کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر احتساب عدالت کے جج جواد حسن کے روبرو پیش کیا گیا تھا۔

کیس کی سماعت کے آغاز پر لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا تھا کہ میں عدالت میں کچھ کہنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اوپن کورٹ میں ٹرائل ہر شخص کا بنیادی حق ہے، کوئی کیس سن سکتا ہے، میرے کیس میں کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں نہیں آنے دیا جا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے کیس میں عوام سے حقائق چھپائے جا رہے ہیں، پولیس ہر پیشی پر وکلا ، رپورٹرز اور سائیلین کو کمرہ عدالت میں آنے سے روکتی ہے۔

جس پر جج جواد الحسن نے پولیس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرے عدالت میں آنے سے قبل وکلا اور رپورٹرز کو نہیں روکنا، اگر آپ سیکیورٹی نہیں کر سکتے تو میں یہاں رینجرز بلا لوں گا۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق کو اجلاس کے لیے اسلام آباد جانے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں