ہم فلمز کی نئی پیشکش ’ سچ ‘ نے مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیئے



اسلام آباد: ہم فلمز کے بینر تلے بننے والی نئی فلم ’ سچ ‘ نے ریلیز ہوتے ہی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔

پروڈیوسروڈائریکٹرذوالفقارشیخ کی فلم سچ کو شائقین نے بہت پسند کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی اور اداکاری دونوں بہت جاندار ہیں۔

فلم دیکھنے والوں نے ایک طویل عرصے بعد کہانی میں لوو ٹرائی اینگل کو بہت پسند کیا ہے۔

’سچ‘ میں بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانی خاندان کے محبت بھرے رشتوں ان سے جڑے جذبات اور ان کو پیش آنے والے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔

رومانس اور سنسنی سے بھرپور ہم فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی عکس بندی اسکاٹ لینڈ کے خوب صورت مقامات پر کی گئی ہے۔

فلم میں علیزے شیخ کو متعارف کرایا گیا ہے، ان کے مدمقابل اسد خان بطور ہیرو کردار نبھا رہے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، مرینہ خان اور دوسرے فن کار شامل ہیں۔

فلم کے مکالمے معروف لکھاری حسینہ معین نے لکھے ہیں جب کہ اس کے گانوں میں آواز کا جادو راحت فتح علی خان نے جگایا ہے۔

’سچ‘ کے مرکزی کردار اسد زمان خان فلم کے حوالے سے کہتے ہیں کہ شائقین فلم دیکھنے سینما ضرور جائیں کیونکہ یہ ایک مکمل پیسہ وصول فلم ہے۔

فلم بینوں کے لیے جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہماری فلم سینما گھروں میں لگ چکی ہے، سب لوگ فیملی کے ساتھ جائیں اور جا کر فلم دیکھیں۔

ملک بھر کے سینما گھروں میں ’سچ‘ کی شاندار نمائش جاری ہے، فنکار پرامید ہیں کہ فلم سال کے اختتامی لمحات کو خوب یادگار بنائے گی۔


متعلقہ خبریں