خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کے لیے وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

خط غربت کے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کے لیے وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے معیشت میں بہتری کے نتائج مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی سہولت کے لئے منصوبہ بندی مکمل ہو گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مستحق اور نادار افراد کو راشن کی خریداری کے لئے رقم کی ادائیگی کی جائے گی۔

وزیراعظم نے احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مستحق افراد کو ضروری راشن کی خریداری کے لیے رقم ادا کی جائے گی، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مستحق افراد تک رقوم کی ادائیگی شفاف طریقے سے کی جائے۔

وزیراعظم کی ہدایات پر فوری طور پر عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے، مستحق افراد کو کم از کم آٹے کا 20 کلر تھیلا، 3 کلو گھی اور 5 کلو چینی دستیاب ہو سکے گی۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے احساس پروگرام کا آغاز کیا گیا جس کا مقصد ملک سے غربت کا خاتمہ اور غریبوں کی مدد کرنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے احساس پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں غربت کے خاتمے کو ایک جہاد قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس حوالے سے عملی اقدامات کریں گے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر احساس پروگرام کی نگرانی کر رہی ہیں، انہیں وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت مقرر کیا ہوا ہے اور ان کا درجہ وفاقی وزیر کے برابر ہے۔

 


متعلقہ خبریں