جناح اسپتال میں لائی جانے والی 2 نوجوان لاشوں کا معمہ حل ہو گیا

جناح اسپتال میں لائی جانے والی 2 نوجوان لاشوں کا معمہ حل ہو گیا

کراچی: جناح اسپتال میں 2 نوجوان لاشوں کی موت کا معمہ حل ہو گیا ہے، صدر پولیس نے مردہ افراد کو چھوڑ کر فرار ہونے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ذاکر کی نشاندہی پر اس کے ساتھی اصغر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم ذاکر نے بتایا کہ وہ اصغر کے ہمراہ کورنگی ڈھائی نمبر پر واقع کوارٹر میں کرائے پر رہتا ہے، متوفی مصطفیٰ نامعلوم ساتھی کے ہمراہ ملنے آیا تھا۔

ملزم نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ جنریٹر کا دھواں کمرے میں بھرنے سے دونوں مہمانوں کی حالت غیر ہوئی، ان کی موت کی تصدیق ہونے پر خوف کے باعث لاشیں اسپتال چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

واقعے کی مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آ گئی ہیں جن میں ذاکر اور اصغرکو دونوں متوفيوں کوايمرجنسي ميں لا کر اسٹريچرپر لٹاتے ديکھا جا سکتا ہے۔

پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور محمد اسلم کا بیان بھی قلم بند کر لیا ہے جس کے مطابق کورنگی زمان ٹاؤن کے علاقے میں دونوں افراد اس کے پاس آئے۔

ڈرائیور کے مطابق دونوں ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے بیمار شخص کو اسپتال پہنچانا ہے۔

ٹیکسی ڈرائیور نے مزید بتایا کہ ایک نوجوان کو اس کی ٹیکسی میں لٹا دیا جبکہ دوسرا رکشے میں ہی رہا، بعد میں احساس ہوا کہ نوجوان بیمار نہیں بلکہ مر چکا ہے۔

پولیس دوسرے ملزم اصغر کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔


متعلقہ خبریں