مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی دوسری درخواست پر سماعت ملتوی

فائل فوٹو


لاہور: عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکلوانے کی دوسری درخواست پر سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے آج درخواست پرسماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے قانون دان اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹس پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو یقین دلایا کہ کل کابینہ کی ریویو کمیٹی درخواست گزار کے کیس پر فیصلہ کر دے گی۔

جس پر جسٹس انوار الحق پنوں نے استفسار کیا کہ  بادی النظر میں درخواست کیسے قابل سماعت ہے۔ درخواست گزار کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالت کے حکم پر وفاقی حکومت نے درخواست پر فیصلہ نہیں کیا ایسے میں درخواست قابل سماعت ہے۔

فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی حکومت کل فیصلہ کر دے گی پھر اپ عدالت میں آ جائیں۔

اس موقع پر ایڈشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے موقف اپنایا کہ کل کابینہ کمیٹی کی میٹنگ ہے ۔اس میں درخواستگزار کی درخواست پر فیصلہ کی توقع ہے ۔

مریم نواز کی درخواست

واضح رہے عدالت میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، چیرمین نیب اور ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

نائب صدر ن لیگ کی جانب سے عدالت سے چھ ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی استدعا کی گئی ہے، مریم نواز نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ بغیر نوٹس نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا میمورنڈم غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

مریم نواز نے استدعا کی ہے کہ نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم اور درخواست کے حتمی فیصلے تک انسانی بنیادوں پر ایک بار چھ ہفتوں کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن کی جانب سے درخواست میں یہ بھی تحریر کیا گیا ہے کہ والدہ کو کھو چکی، والد بستر مرگ پر ہے، والد کو کھونا نہیں چاہتی، عدالتوں میں ڈیڑھ سال تک مسلسل پیش ہوتی رہی ہوں، نواز شریف کی بیماری کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوں۔

خیال رہے کہ مریم نواز نےعدالت میں درخواست دی تھی ای سی ایل سے نام نکالا جائے جو لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو بھجواتے ہوئے سات دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے عدالتی حکم پر اجلاس بلایا جس کی صدارت وزیر قانون فروغ نسیم نے کی تھی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر، نیب کا ایک نمائندہ اورمسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ بھی موجود تھے۔

قومی احتساب بیورو نے مریم نواز کانام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی تھی۔

دوسری جانب مریم نواز نے اپنا نام ای سی ایل س نکالنے کیلئے ایک اور درخواست ہائی کورٹ میں دائر کردی ہے۔

مسلم لیگ کی مرکزی نائب صدر نے اپنی درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، چیرمین نیب اور ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔


متعلقہ خبریں