چیئرمین کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی کا عندیہ دے دیا


کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے سابق کپتان سرفراز احمد کی کرکٹ میں واپسی کا عندیہ دے دیا ہے۔

شہر قائد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد قومی ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ میں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ سرفراز مستقل کپتان رہیں گے ہاں یہ ضرور کہا تھا کہ وہ ورلڈ کپ تک کپتان رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز پاکستان کے کپتان تھے کراچی کے نہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے پاکستان کی سیکیورٹی کے حوالے سے گفتگو کرت ہوئے کہا کہ ہم نے دکھا دیا کہ پاکستان محفوظ ہے اب اگر کسی کو مسئلہ ہے تو وہ ہمیں ثابت کرکے دکھائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کرکٹ کمیٹی کو بڑھا رہے ہیں، چاہتے کہ تمام صوبوں کے اراکین کو کمیٹی کا حصہ بنایا جائے، مجھے ایسے لوگ چاہئیں جو پاکستانی کرکٹ کی بہتری کی بات کریں۔

احسان مانی نے کہا کہ ایسی کمیٹی بنانے کا مقصد ہے کہ کرکٹ کمیٹی تگڑی ہو جو پی سی بی اور کپتان کو چیلنج کرے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس وقت ہمارا سب سے بڑا مسئلہ پچز کا ہے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ اچھی وکٹیں بنائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ سیریز اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے گا۔


متعلقہ خبریں