احسن اقبال کو نیب نے گرفتار کر لیا



اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو قومی احتساب بیورو(نیب) نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔

نیب نے احسن اقبال کو  نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں مبینہ گھپلوں پر سوال و جواب کیلئے طلب کیا تھا۔ اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب کے حکم پر احسن اقبال کو گرفتار کیا گیا۔

گزشتہ ہفتے نیب نے ضلع نارووال میں چھاپے مار کر اہم شواہد حاصل کر لیے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ نیب راولپنڈی نے سپورٹس سٹی نارووال کا دورہ بھی کیا اور اہم گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے۔

نیب حکام نے سپورٹس سٹی میں تعمیرات کے معیار کا جائزہ لیا جس سے معلوم ہوا کہ اسپورٹس سٹی نارووال میں تعمیرات نامکمل ہیں۔

خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر احسن اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے اسپورٹس سٹی تعمیر کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

قومی احتساب بیورو کا مؤقف ہے کہ اسپورٹس سٹی کی تعمیر میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اختیارات سے تجاوز کیا۔

احسن اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے خلاف قانون تین ارب روپے کا منصوبہ نارووال میں شروع کیا۔

مذکورہ کیس میں ن لیگی رہنما ایک بار نیب کے سامنے پیش ہو کر سوالات کے جواب بھی جمع کرا چکے ہیں۔ احسن اقبال کا مؤقف ہے کہ نیب یہ جاننے کی کوشش کر رہا ہے کہ اسپورٹس سٹی کیوں بنایا گیا۔

یاد رہے کہ نیب اس سے قبل خواجہ آصف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر لیگی رہنما کیخلاف بھی بدعنوانی کی تحقیقات کر رہا ہے۔

نیب کی جانب سے خواجہ آصف کی اہلیہ اور بیٹے کو بھی زمینوں پر قبضے کے الزام میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں